آزاد کشمیر سے منتخب ایم ایل اے سردار عبدالقیوم نیازی آج وزیراعظم آزادکشمیر منتخب ہوچکے ہیں۔سردار عبدالقیوم نیازی کو 33 ووٹ ملے جبکہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے مشترکہ امیدوار لطیف اکبر کو 14 ووٹ ملے۔
جب انہیں وزارت اعظمیٰ کیلئے نامزد کرنے کی خبریں ٹی وی پر چلی تو سوال یہ اٹھایا گیا کہ عبدالقیوم نیازی واقعی پٹھان ہے اور نیازی قبیلے سے تعلق رکھتا ہے؟ کچھ نے تو یہ بھی کہا کہ عمران کان نے عبدالقیوم نیازی کو اس لئے نامزد کیا کیونکہ وہ اسی کے قبیلے سے تعلق رکھتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے بڑے ناقدین میں شمار ہونیوالے سلیم صافی نے دعویٰ کیا کہ عمران خان نے کشمیریوں پر نیازی مسلط کرکے کشمیریوں کو متنفر کرنے کی کوشش کی ہے۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں سلیم صافی نے کہا کہ سونامی سرکارمیں وزیرامورکشمیرپختون،کشمیرکمیٹی کےچیرمین پختون، چیف سیکرٹری پختون، آئی جی پنجاب پختون اوراب وزیراعظم بھی عمران کاہم قبیلہ پختون۔۔
سلیم صافی نے مزید لکھا کہ کیاامریکی ایجنڈےکےمطابق کشمیریوں کوجان بوجھ کر متنفرکیاجارہاہے؟۔ کشمیرپرحکمرانی،کشمیریوں کاحق ہے۔بحیثیت پختون حکومتی رویے کی مذمت کرتا ہوں۔
لیکن سوال یہ ہے کہ کیا واقعی عبدالقیوم نیازی پختون اور نیازی قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں اور انکا کشمیر سے کوئی تعلق نہیں؟ یہ بھی سوال اٹھتا ہے کہ ایک غیر کشمیری نے کیسے ایم ایل اے کا الیکشن لڑلیا جبکہ ایم ایل اے کا الیکشن لڑنے کیلئے آزادکشمیر کا شہری ہونا یا مقبوضہ کشمیر سے تعلق ہونا ضروری ہے۔
آزاد کشمیر کے نامزد وزیر اعظم قیوم نیازی کے آباو اجداد کا تعلق مقبوضہ کشمیر سے ہے۔ اُن کا خاندان 1947 میں مقبوضہ کشمیر سے ہجرت کر کے LOC کے اس طرف آیا تھا۔لائن آف کنٹرول کے قریب پونچھ سیکٹر میں ان کا گاؤں اور انتخابی حلقہ ھے ۔
صحافی فیاض راجہ کے مطابق عبدالقیوم نیازی کا گاوں درہ شیر خان بالکل لائن آف کنٹرول پر ہے بلکہ اس گاوں کا کچھ حصہ مقبوضہ کشمیر میں بھی ہے ۔تحصیل عباس پور کے اکثر علاقوں بٹل، منڈھول، گھمبر اور سحر ککوٹہ کی طرح ان کا گاوں بھی فائرنگ کی زد میں رہتا ہے
عبدالقیوم خان نیازی کا تعلق وزیراعظم عمران خان کے قبیلے سے نہیں ہے اور نہ ہی وہ پختون ہیں۔ عبدالقیوم کا تعلق مغل قبیلے کی دُلی شاخ سے ہے اور انہوں نے اپنے نام کے ساتھ نیازی کا لاحقہ ایسے ہی لگا رکھا ہے۔ وہ سدھن کشمیری نسل سے تعلق رکھتے ہیں۔
عبدالقیوم نیازی نے 3 سال قبل تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی، اس سے قبل وہ مسلم کانفرنس میں تھے ۔وہ آزاد جموں کشمیر کے حلقہ ایل اے 18 پونچھ 1سے کامیاب ہوئے ہیں۔ عبدالقیوم نیازی کے اپنے نام کیساتھ لاحقہ لگانے کی وجہ انکا کالم نگار، مصنف ہونا بتایا جارہا ہے۔