لاہور: رضوان ٹی 20 کرکٹ کے کنگ بن گئے جب کہ ایک سال میں زیادہ ٹی ٹوئنٹی رنز کا پاکستانی ریکارڈ وکٹ کیپر بیٹسمین کے نام ہوگیا۔
محمد رضوان ایک سال میں سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بنانے والے پاکستانی کھلاڑی بن گئے، وکٹ کیپر بیٹسمین نے یہ سنگ میل انگلینڈ کے خلاف پہلے میچ میں 63 رنز کی اننگز کے دوران حاصل کیا، انھوں نے اب تک 593 رنز اسکور کیے ہیں۔
اس سے قبل فخر زمان نے 2018 میں 576 رنز بنائے تھے،محمد رضوان اور بابر اعظم نے پاکستان کی جانب سے کسی بھی وکٹ کیلیے دوسری بڑی 150رنز کی شراکت بنائی، اوپنرز کی اسی جوڑی نے جنوبی افریقہ کیخلاف 197رنز جوڑے تھے، ان کے سوا صرف شیکھر دھون اور روہت شرما نے ہی 150رنز کی 2پارٹنر شپس قائم کی ہیں۔
بابر اعظم اور محمد رضوان نے اپنی ٹیم کو 3بار سنچری کا آغاز فراہم کیا، دھون و روہت شرما اور مارٹن گپٹل و کین ولیمسن 4،4بار بطور اوپنر 100یا زائد رنز کی شراکتیں قائم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، پاکستان نے آخری 10اوورز میں 152رنز جوڑے، یہ ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں چھٹا موقع ہے۔
دوسری جانب لیام لیونگ اسٹون نے انگلینڈ کی جانب سے تیزترین ففٹی بنانے کا اعزاز حاصل کیا، میزبان ملک کی سرزمین پر پہلی بار کسی نے صرف 17گیندوں میں سنگ میل عبور کیا، عمراکمل نے21بالز صرف کی تھیں،انگلش بیٹسمین نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تیسری اور اپنے ملک کی تیز ترین سنچری 42گیندوں پر مکمل کی۔
لیونگ اسٹون پانچویں نمبر پر سب سے زیادہ103رنز اسکور کرنے والے بیٹسمین بھی بن گئے،اس سے قبل ڈیوڈ ملر نے اسی پوزیشن پر سنچری بنائی تھی،انھوں نے پاکستان کیخلاف پہلی اور مجموعی طور پر انگلینڈ کی جانب سے تیسری تھری فیگر اننگز کھیلی، لیونگ اسٹون نے ایک اننگز میں 9چھکوں کا انگلش ریکارڈ بھی اپنے نام کیا،ایون مورگن، روی بوپارا اور جیسن روئے 7،7چھکے لگا چکے ہیں۔