دنیا کے تیز ترین اور سابق پاکستانی فاسٹ بولر راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے گیارہ کھلاڑیوں پر مشتمل اپنی ایک روزہ ٹاپ الیون ٹیم کی فہرست جاری کی ہے۔
فاسٹ بولر نے سابق بھارتی لیجنڈری بلے باز سچن ٹنڈولکر کو اپنی ٹیم کا حصہ بنایا ہے جن کے ساتھ ان کا کئی پاک بھارت یادگار مقابلوں میں آمنا سامنا بھی ہوچکا ہے۔
شعیب اختر نے دوسرے بلے باز کیلئے رنز مشین ویرات کوہلی کو اپنی ٹیم میں شامل نہیں کیا جبکہ عظیم سابق ویسٹ انڈیز بلے باز سر ویوین رچرڈز کو بھی نظر انداز کرکے اسی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین گورڈن گرینج کو شامل کیا ہے۔
شعیب اختر نے تیسرے اور چوتھے نمبر کے کھلاڑی کیلئے کوہلی، سر رچرڈز، اے بی ڈی ویلرز اور دو بار آسٹریلوی ٹیم کو ورلڈ کپ جتوانے والے رکی پونٹنگ کے بجائے قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق اور ایک روزہ میچ میں اس وقت سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے سعید انور کو فوقیت دی ہے جس پر صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
تنقید کے جواب میں فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ سعید بھائی آج کی ماڈرن کرکٹ کا حصہ ہوتے تو ان کے آگے کوئی گیند باز ٹک نہیں پاتا۔
راولپنڈی ایکسپریس نے ٹیم میں دو وکٹ کیپر بلے بازوں کو شامل کیا ہے جس میں بھارتی ٹیم کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی اور آسٹریلوی اوپنر ایڈم گلکرسٹ شامل ہیں جب کہ آل راؤنڈرز میں انگلش کھلاڑی اینڈریو فلنٹوف، شاہد آفریدی اور بین اسٹوکس کے بجائے انہوں نے بھارتی آل راؤنڈر یووراج سنگھ کو چنا ہے تاہم فاسٹ بولرز میں سوئنگ کے سلطان اور سابق کپتان وسیم اکرم اور سابق کپتان وقار یونس اپنی جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔
اس کے علاوہ ایک فاسٹ بالر کی کمی کرٹلی ایمبروز اور گلین میکگرا کے درمیان میں سے کسی کو پوری کرنی تھی لیکن سابق فاسٹ بولر نے ان کھلاڑیوں پر نظر ثانی کیے بغیر بھارتی آل راؤنڈر کپل دیو کو ترجیح دی ہے جنہوں نے اپنی ٹیم کو1983 میں عالمی کپ کی ٹرافی دلوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
شعیب اختر نے پوری ٹیم میں ایک ہی اسپنر شین وارن کو شامل کیا اور انہی کو ٹیم کی کپتانی بھی سونپی ہے جو کافی حیران کن بات ہے جبکہ ان کی پوری ٹیم میں 8 کھلاڑیوں کا تعلق پاکستان اور بھارت سے ہے جبکہ انگلینڈ، جنوبی افریقا، سری لنکا سمیت کئی ممالک کے کھلاڑی بھی نظر انداز ہوئے ہیں۔
شعیب اختر کی ٹاپ الیون میں گورڈن گرینج، سچن ٹنڈولکر، انضمام الحق، سعید انور، ایڈم گلکرسٹ، ایم ایس دھونی، یووراج سنگھ، وسیم اکرم، وقار یونس، کپل دیو اور (کپتان) شین وارن شامل ہیں۔