اپر کوہستان میں چینی انجینئرز کی ہلاکت کے بعد چینی کمپنی کی جانب سے فارغ کیے جانے والے تمام پاکستانی ملازمین کو دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔
واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ داسو پراجیکٹ پرکام کرنے والی چینی کمپنی نے پاکستانی ملازمین کو نکالنے کا نوٹس واپس لے لیا ہے۔
ترجمان واپڈا کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد سول انتظامیہ، واپڈا اور چینی کمپنی نے اس معاملے پر باہمی مشاورت کی جس کے بعد تعمیراتی کام چند دنوں کے لیے معطل کیا گیا تھا، چینی کمپنی عنقریب داسو پراجیکٹ پر تعمیراتی کام دوبارہ شروع کردے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پراجیکٹ پرکام کی بندش کا مقصد حفاظتی اقدامات کو ازسرنو منظم کرنا تھا، اس دوران واپڈا چینی کمپنی کے حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہا۔
اعلامیے کے مطابق واپڈا کی کوششوں کا مقصد داسو پراجیکٹ پر تعمیراتی کام کی جلد بحالی تھا۔
خیال رہے 14 جولائی کو اپر کوہستان کے مقام پر داسو کے قریب بس کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں چینی شہریوں سمیت 12 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
واقعہ کے بعد داسو ڈیم پر کام کرنے والی چینی کمپنی چائنا گیزوبا نے حکومتِ پاکستان کو خط لکھا جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ 14 جولائی کو پیش آنے والے واقعے کے باعث کام نہیں کر سکتے اور تمام پاکستانی ملازمین کو فارغ کر دیا ہے۔