امریکی ریاست اوہائیو کے شہر بِیچ وڈ میں 190کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کار چلانے والی خاتون کا خطرناک ایکسیڈنٹ ہوتے ہوتے رہ گیا اور وہ خود اور ان کی 11 سالہ بچی محفوظ رہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گذشتہ ماہ کے وسط میں پیش آیا، جس میں ایک 31 سالہ خاتون کی تیز رفتار کار ریڈ سگنل توڑتے ہوئے سامنے سے گزرنے والی گاڑی کے اگلے حصے سے ٹکراگئی۔
کار کی رفتار تیز تھی اس لیے وہ سنبھل نہ سکی اورکافی دیر تک مختلف پولز اور فٹ پاتھ پر ٹکرانےکے بعد ایک گھر سے ٹکرا گئی، خوش قسمتی سے نہ تو ٹکرلگنے والی گاڑی کے ڈرائیور کو کچھ ہوا اور نہ ہی گھر میں یا روڈ پر کوئی اور موجود تھا اس لیے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، البتہ خاتون اور ان کی بیٹی کو ہلکی چوٹیں آئیں جن کے علاج کے لیے دونوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کو اس وقت شدید حیرت کا سامنا کرنا پڑا جب اسے حادثے کی وجوہات کی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ یہ سب خاتون نے جان بوجھ کر کیا تھا۔
دوران تفتیش پولیس کو خاتون کی جانب سے کسی قسم کی نشہ آور اشیا کے استعمال کا ثبوت نہ مل سکا، لیکن خاتون نے اعتراف کیا کہ انہوں نے جان بوجھ کر تیز رفتاری سے گاڑی چلائی اور خدا کے رحم و کرم پر چھوڑدیا کیونکہ وہ خدا پر اپنے ایمان کا امتحان لینا چاہتی تھی۔
پولیس کی جانب سے معاملے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں اور اس کے خلاف خطرناک ڈرائیونگ، خود کو نقصان پہنچانے اور بچی کی جان خطرے میں ڈالنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔