پاکستان کے سابق سفیر کی بیٹی نور مقدم کے قتل کیس کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے مقتولہ نور مقدم کے والدین اور قاتل کے والد کے بیانات بھی قلم بند کرلیے ہیں اور پولیس کو قاتل ظاہر کے ذہنی مریض ہونے کے ثبوت نہیں ملے۔ملزم ظاہر کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ واقعے میں زخمی ہونے والے امجد کی حالت تشویش ناک ہے جس کی وجہ سے تاحال اس کا بیان ریکارڈ نہیں ہوسکا۔
جائے وقوعہ سے مقتولہ،زخمی امجد اور ملزم کے سیمپل فرانزک کے لئے بھجوا دیے گئے ہیں اور ملزم کے گھر ایف سیون میں دو سکیورٹی گارڈز کے بیانات بھی قلم بند کر لئے گئے۔ جائے وقوعہ سے آلہ قتل برآمد کیا گیا ہے اور اب قاتل اور مقتولہ کے ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹ کا انتظار ہے۔
اسلام آباد: سابق سفیر کی بیٹی کا قتل، تحقیقات میں پیش رفت pic.twitter.com/Rks5dKhoZz
— AbbTakk (@AbbTakk) July 22, 2021
علاوہ ازیں سابق سفیر شوکت مقدم کی صاحبزادی نور مقدم کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ نیول انکرچ میں ادا کی گئی جس میں پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر و سابق سیکرٹری خارجہ ریاض کھوکھر نے شرکت کی۔ نماز جنازہ میں مقتولہ کے عزیز واقارب کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
دو روز قبل اسلام آباد میں تھانہ کہسار کے علاقے سیکٹر ایف سیون فور میں نوجوان خاتون کو لرزہ خیز انداز میں قتل کردیا گیا تھا۔ خاتون کو تیز دھار آلے سے بہیمانہ انداز میں قتل کیا گیا۔ لڑکی کا گلا کاٹنے کے بعد سر کاٹ کر جسم سے الگ کر دیا گیا تھا۔ واقعے کی اطلاع موصول ہوتے ہی سینئر افسران اور متعلقہ ایس ایچ او موقع واردات پر پہنچے اور تحقیقات کیں۔
قتل میں ملوث ظاہر جعفر نامی شخص کو موقع واردات سے گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا گیا اور وقوعہ کا مقدمہ درج کیا گیا۔ ظاہر جعفر معروف بزنس مین ذاکر جعفر کا بیٹا ہے اور مقتولہ نور مقدم کا دوست تھا۔
سابق سفیر کی بیٹی کا قتل
جائے وقوعہ سے حاصل شواہد فرانزک لیبارٹری بھجوا دیئے#BOLNews #BreakingNews #JusticeForNoor pic.twitter.com/iSUqMgfQWL— BOL Network (@BOLNETWORK) July 22, 2021
آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان نے بھی سینئر افسران کے ہمراہ جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور تحقیقات میں پیشرفت کا جائزہ لیا۔ پولیس نے تفتیش کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی جس میں ایس ایس پی انوسٹی گیشن ،ایس پی سٹی زون ،اے ایس پی کوہسار، ایس ایچ او کوہسار اور انوسٹی گیشن آفیسر کوہسار شامل ہیں۔
پولیس نے قتل میں ملوث ملزم ظاہر جعفر کا 3 دن کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے تفتیشی ٹیم کو حقائق پر مبنی اور قانون کے مطابق سختی سے تحقیقات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شوکت علی مقدم جنوبی کوریا اور قازقستان میں پاکستان کے سفیر رہ چکے ہیں۔